اسلام آباد: سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے کہا ہے کہ تمام مقامی گیس فیلڈز مکمل طور پر فعال ہیں اور اپنی مکمل پیداواری صلاحیت پر کام کر رہی ہیں۔ گیس فیلڈز کی طویل بندش کے دعوے غلط ہیں۔
ایس این جی پی ایل حکام نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ مقامی گیس کے ذخائر کی بندش اور درآمدی آر ایل این جی کو ترجیح دینے سے متعلق حالیہ دعوؤں کی وضاحت ضروری ہے۔ گیس کی بندش دسمبر کے کچھ حصوں میں اس وقت ہوئی۔ جب پاور سیکٹر اپنی طلب کے مطابق آر ایل این جی حاصل نہیں کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام گیس پیدا کرنے والے ذخائراب مکمل طور پر کھلے ہیں۔ اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق گیس پیدا کر رہے ہیں۔ کیونکہ گزشتہ 4 سے 5 دنوں سے پاور سیکٹر اپنی طلب کے مطابق آر ایل این جی حاصل کررہا ہے۔
واضح رہے کہ ایس این جی پی ایل کا نظام غیر استعمال شدہ آر ایل این جی کی صرف 2 دن کی سپلائی کو پائپ لائنز میں ذخیرہ کر سکتا ہے۔ کیونکہ ملک میں گیس ذخیرہ کرنے کی علیحدہ سہولت موجود نہیں ہے۔