پاکستانی نژاد برطانوی ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
انہوں نے برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری کو مراسلہ لکھا، جس میں انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایوی ایشن ایجنسی نے بھی پی آئی اے سے پابندی ہٹادی ہے۔
برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ بھی پی آئی اے پر پابندی ہٹائے، مراسلہ میں کہا گیا کہ براہ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی۔
برطانوی ممبر پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ براہ راست پروازیں نہ ہونے سے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے،یورپ کی طرح برطانیہ میں بھی پاکستانی ایئرلائنز کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی کا اٹھنا ایک یادگار موقع ہے،پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر آگئی تھی،پی آئی اے کا آپریشن جلد بحال ہوجائے گا۔