وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں امن دھرنے میں شامل جرگے کے ارکان سے ملاقات کے بعد 25 جولائی کو ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران جرگہ کے ارکان نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور مسلح گروپوں کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے، اس کے علاوہ پولیس کو بااختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے پر بھی زور دیا۔
جرگے نے سرچ آپریشن یا دہشتگردوں کیخلاف کارروائی سکیورٹی فورسز کے بجائے سی ٹی ڈی کو کرنے اور لاپتہ افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کرنے کے مطالبات بھی وزیر اعلیٰ کو پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ نے جرگے کے مطالبات کو ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، ایپکس کمیٹی میں جرگے کے 5 اراکین بھی شرکت کریں گے۔
جمعہ کے دن وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور بنوں کا دورہ کر کے ایپکس کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کریں گے، جس کے بعد دھرنا ختم کیا جائے گا۔