چھ ماہ کی بندش کے بعد سیاحوں کے لئے ناران تک شاہراہ کو کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عدنان خان کا کہنا تھا کہ جھیل سیف الملوک اور بٹہ کنڈی وبابو سرٹاپ کو کھولنے کے لیے صفائی کا کام جاری ہے۔
ملک بھر سے سیاح گرمیوں میں ناران کاغان کا رخ کرتے ہیں، نہ صرف ملکی سیاح بلکہ غیر ملکی سیاح بھی ان پرفضا مقامات پر وقت گزارنے کے لئے آتے ہیں۔
چھ ماہ بعد روڈ کھلنے پر ٹورازم پروموشن ایسوسی ایشن آف کاغان کے چیئرمین سیٹھ مطیع اللہ نے سیاحوں ناران آنے کی دعوت دیتے ہوئے اللہ کا شکرادا کیا کہ سارے گلیشیئر کلیئر ہو گئے ہیں۔
ناران میں اس وقت بھی برف موجود ہے جس کی وجہ سے یہاں موسم ٹھنڈا ہے اور اس موسم سے سیاح محظوظ ہو سکتے ہیں۔
ناران سے تقریبا 9 کلومیٹر کے فاصلے پر جھیل سیف الملوک واقع ہے، وہاں تک مخصوص جیپوں کے ذریعے ہی جایا جائے تو بہتر ہے، 9 کلومیٹر کا یہ سفر تقریبا ڈیڑھ سے دو گھنٹے کا ہوتا ہے جس کے بعد آپ جھیل سیف الملوک پہنچ جاتے ہیں۔
سیف الملوک جھیل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ چودھویں کے چاند کی روشنی میں رات کو یہاں پریاں آتی ہیں اور اس جھیل کے حسن میں میں کھو جاتی ہیں۔ واقعی یہ اتنی خوبصورت ہے کہ آپ بھی اس جھیل اور اس کے اطراف کی پہاڑیوں کے دلکش مناظر میں کھو جائیں۔