کاروباری ہفتے کے تیسرے روزکاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج بدھ کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 8 پیسے کا معمولی اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 278 روپے 18 پیسے سے بڑھ کر 278 روپے 26 پیسے ہو گئی ہے ۔
کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے کے اضافے کے بعد 278 روپے 23 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز معمولی کمی کے بعد امریکی کرنسی 278روپے18پیسےپر بند ہوئی تھی ۔
دوسری جانب عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں 2 روز کمی کے بعد سونا آج پھر ہزاروں روپے مہنگا ہو گیا۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2900 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 44 ہزار روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 2487 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 9 ہزار 191 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 28 ڈالر کے اضافے سے 2365 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔دریں اثنا ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2650 روپے اور فی10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2271.94 روپے کی سطح پر مستحکم رہی ہے۔