برطانوی ہائی کمیشن کے 3 رکنی وفد نے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دن ساڑھے گیارہ بجے اسلام آباد میں برٹش ہائی کمیشن کا ایک وفد سینٹرل جیل راولپنڈی پہنچا۔ وفد میں رابعہ احمد خان، محمد احسن اور برٹش قونصل آفیسر سنینا شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی وفد نے اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل دو پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں خالد محمود اور نعیم شریف سے ملاقات کی۔ برطانوی سفارت خانے کا وفد قیدیوں سے ملاقات کے بعد دن 2 بجے اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خالد محمود ولد لال خان تھانہ ڈوہمن چکوال کے قتل کیس میں پابند سلاسل ہے جب کہ نعیم شریف تھانہ کلرسیداں کے مقدمہ میں عمر قید کاٹ رہا ہے۔