امریکا کی ریاست الاباما میں ایک اینٹیک (نوادرات) کی دکان اس وقت غیر معمولی واقعے کا شکار ہوگئی جب ایک ہرن اچانک شیشے کی سامنے والی دیوار توڑ کر دکان کے اندر گھس آیا اور قیمتی سامان کو نقصان پہنچا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست الاباما کے شہر ڈوتھن میں واقع ’’بلیو ڈیزی اینٹیک‘‘ نامی دکان میں منگل کی دوپہر تقریباً 12 بج کر 42 منٹ پر پیش آیا۔
دکان کی مالک میری کے فلوئیڈ نے بتایا کہ ہرن تیزی سے سامنے کے شیشے کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہوا، جس کے نتیجے میں دکان کے داخلی حصے کو نقصان پہنچا، جبکہ نوادرات پر مشتمل ایک اسٹال بھی بری طرح متاثر ہوا۔
دکان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر واقعے کے بعد کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں، جن میں ٹوٹے ہوئے شیشے، بکھرا ہوا سامان اور متاثرہ اسٹال واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مالک کے مطابق ہرن کچھ دیر تک دکان کے اندر گھومتا رہا اور گھبراہٹ کے باعث مختلف اشیا سے ٹکراتا رہا، جس سے متعدد نوادرات کو نقصان پہنچا۔
اسی دوران دکان کے ایک حاضر دماغ ملازم نے فوری طور پر ایک دروازہ کھول دیا، جس کے بعد ہرن محفوظ طریقے سے دکان سے باہر نکل گیا اور مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
