گوگل نے اپنی نئی Pixel 11 اسمارٹ فون سیریز کی باضابطہ لانچنگ سے قبل پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے مداحوں کی بے صبری مزید بڑھا دی ہے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ Pixel 11 سیریز کو 12 اگست کو نیویارک میں ہونے والے خصوصی ایونٹ میں متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسی روز پری آرڈرز کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔
گوگل نے اپنے آن لائن اسٹور کے ہوم پیج پر ایک مختصر ٹیزر ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں پہلی بار آنے والے نئے فیچر Pixel Glow کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق Pixel Glow دراصل ایک گول شکل کی ایل ای ڈی لائٹ ہوگی، جو مختلف رنگوں میں روشن ہو سکے گی۔ اس فیچر کا بنیادی مقصد نوٹیفکیشنز کو زیادہ نمایاں انداز میں ظاہر کرنا ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صارفین مختلف ایپس کے لیے مختلف رنگ بھی منتخب کر سکیں گے۔ البتہ گوگل نے ابھی اس حوالے سے مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ پہلا موقع بھی ہے جب گوگل نے باضابطہ طور پر Pixel 11 کے نام کی تصدیق کی ہے، کیونکہ اس سے قبل کمپنی نے اس کا نام سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا تھا۔
