وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ، اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا۔ پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی حقدار ہے ، اگر اس ایوان میں اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی جائے تو پوری دنیا کو پاکستان کے اتحاد، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کا مثبت پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے کرم سے پاکستان کو عزت عطا کی ، صدیاں گزر جاتی ہیں مگر قوموں کو ایسی عزت نہیں ملتی جو ہمیں ملی ، پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے۔ اگر پوری زندگی بھی اس مالک حقیقی کے حضور سجدہ ریز ہو کر شکر ادا کرتے رہیں تو اس نعمت کا حق ادا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور تمام اراکینِ پارلیمنٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی مفاد اور وطن کی خدمت کے لیے ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عظیم مقصد کے لئے شبانہ روز محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نےعظیم مقصد کے حصول کیلئے دن رات کام کیا، انتھک محنت سے پہاڑ جیسے مسائل حل کیے گئے۔
