فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان آرمی کے کمانڈر اِن چیف روڈ ولف ہائیکل نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر سے روڈولف ہائیکل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف کی آمد پر انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات میں دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔
دونوں ممالک نے پاک اور لبنانی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
