بالی ووڈ کی پاکستان مخالف فلم دھریندر میں بھارتی اداکار رنویر سنگھ نے خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا کہ ان کے خاندان کی جڑیں کراچی سے وابستہ رہی ہیں۔
دھریندر فلم کی کہانی کے مطابق رنویر سنگھ جسپریت سنگھ رنگی نامی بھارتی انٹیلی جنس افسر کا کردار ادا کرتے ہیں، جو ایک بلوچ ملازمت کے متلاشی کے بھیس میں کراچی میں داخل ہوتا ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ وہ شہر کے علاقے لیاری میں تخریبی کارروائی انجام دینے کے مشن پر ہوتا ہے۔
ناظرین اور فلمی حلقوں کی دلچسپی اس وقت مزید بڑھ گئی جب یہ معلوم ہوا کہ رنویر سنگھ کا ذاتی خاندانی پس منظر بھی کراچی سے جڑا ہوا ہے، پردۂ اسکرین پر وہ کراچی میں ایک بھارتی ایجنٹ کے طور پر سرگرم دکھائی دیتے ہیں، جبکہ حقیقی زندگی میں ان کا تعلق ایک سندھی خاندان سے ہے جس کی رہائش تقسیمِ ہند سے قبل کراچی میں تھی۔
رنویر سنگھ، جن کا مکمل نام رنویر سنگھ بھاونانی ہے، 1985 میں ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین کا خاندان 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے بعد کراچی سے بھارت منتقل ہوا۔ یہی پس منظر فلم کی کہانی کو مداحوں کے لیے ایک منفرد معنویت فراہم کرتا ہے۔
