بنگلادیش کی برطرف سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق مقدمے کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں سنائے جانے کا امکان ہے۔
استغاثہ کے مطابق مقدمے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت 13 نومبر کو فیصلے کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔
78 سالہ شیخ حسینہ بھارت میں موجود ہیں اور عدالت کے بارہا طلب کیے جانے کے باوجود بنگلادیش واپس نہیں آئیں۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بغاوت کو دبانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو مہلک کارروائی کا حکم دیا جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے مطابق جولائی اور اگست 2024 کے دوران 1400 تک افراد ہلاک ہوئے۔
شیخ حسینہ کے خلاف پانچ الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں قتل کی روک تھام میں ناکامی بھی شامل ہے، جو بنگلادیشی قانون کے تحت انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ استغاثہ نے ان جرائم کی سزا موت تجویز کی ہے۔
