پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے گرفتاری کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
ان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی پی او اٹک اور دیگر کو فریق بنایا گیاہے۔ عمر ایوب نے موقف اختیار کیا کہ 19 دسمبر تک پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ضمانت کے باوجود پانچ دسمبر کو اڈیالہ جیل کے باہرسے گرفتار کیا گیا، انہیں حبس بے جا میں بھی رکھا گیا، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 9 مئی 2023 کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی سمیت 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی جس کے بعد لیڈر عمر ایوب خان اور سابق وزیر قانون پنجاب راجا بشارت، ماجد دانیال، احمد چٹھہ اور ملک عظیم کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں عدالت کے حکم سے رہا کر دیا گیا تھا۔