پشاور: ایکسائز نے صوبے بھر میں گاڑیوں کے لیے یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کا اجرا کر دیا۔
خیبر پختونخوا میں ایکسائز نے گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس جمع کروانے کے لیے پبلک فیسیلی ٹیشن ماڈیول کا بھی اجرا کر دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ان آن لائن سسٹمز کا باضابطہ اجرا کیا۔
ٹیکس دہندگان کسی بھی جگہ سے اپنے ٹیکس ریکارڈ تک آن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔
نئے سسٹم کے ذریعے ٹیکس دہندگان اپنا چالان بھی آن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔ ماڈیول کے تحت ٹیکس دہندگان کے لیے آن لائن ٹیکس کیلکولیٹر بھی فراہم کیا گیا ہے۔
سسٹم کے اجرا سے ٹیکسوں کی وصولی میں 5 ارب روپے سالانہ اضافہ ہو گا۔ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل ڈیجیٹلائز اور سینٹرلائنزڈ ہوجائے گا۔ جدید نظام سے چوری شدہ گاڑیوں کے استعمال کا مؤثر تدارک یقینی ہوسکے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے آن لائن سسٹمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کے لیے ڈیجیٹلائزیشن انتہائی ضروری ہے۔ ای گورننس کے تحت تمام محکموں کو ڈیجیٹلائز کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن سے محکموں میں شفافیت آتی ہے۔ محکموں کی استعداد کار بڑھا کر صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنایا جاسکتا ہے۔