قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ججز کی حق گوئی پر سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر فسطائیت اور انتقامی کارروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے ذریعے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ ہم نے خانپور میں بجلی اور سوئی گیس کی مد میں 14 ارب کے ترقیاتی کام کروائے، واپڈا حکام کو اپنے چیمبرمیں طلب کر کے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق دریافت کیا، واپڈا ذمہ داران کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فقط بہانے سننے کو ملے، خیبرپختونخوا پورے ملک کو بجلی فراہم کرتا ہے، صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے، محسن نقوی نے اپنے کمیشن کی خاطر گندم درآمد کرنے کیلئے چار سو ارب ریلیز کروا لئے، آزاد کشمیر کے لوگوں کو 3 ارب نہیں دے سکے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میرے اوپر فقط پنڈی شہر میں لاتعداد جھوٹے مقدمات درج ہیں، ناکردہ گناہ کی سزا بھگت رہا ہوں جو فقط انتقامی کارروائی ہے، بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کو غلط سمت موڑا جا رہا ہے، بشری بی بی کو بھی ناجائز مقدمے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کو حق گوئی پر سلام پیش کرتا ہوں، ججز کے انصاف کی وجہ سے ایک حوصلہ پیدا ہوا، پرامید ہیں کہ جبر اور ظلم کی رات جلد ہی چھٹ جائے گی۔