سعودی عرب کی وزارت ثقافت میں پلاننگ ڈائریکٹر نورالدباغ کا کہنا ہے کہ مملکت میں نظام تعلیم میں بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، پرائمری کلاسوں سے موسیقی کی تعلیم کو کورس میں شامل کیا جائے گا۔
عرب ٹی وی کے مطابق ریاض میں منعقدہ لرن کانفرنس کے پہلے ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کی تعلیم کے لئے وزارت ثقافت کی جانب سے 9 ہزار سے زائد خواتین ٹیچروں کو تیار کیا جارہا ہے جو نرسری اور پرائمری کلاسوں میں موسیقی کی تعلیم دیں گی۔
نورالدباغ کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح ہم کام کررہے ہیں اس کے مطابق مملکت کے نظام تعلیم میں بہت بڑی تبدیلیاں آئیں گی،تدریسی نصاب میں فنون و ثقافت کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ طلبہ کے لیے سیزنل سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب وزارت ثقافت اور تعلیم نے موسیقی کے فنون کی تربیت کے لیے کنڈرگارٹن خواتین ٹیچرز کے لیے کوالیفائنگ پروگرام شروع کررکھا ہے۔یہ پروگرام میوزک اتھارٹی اور کنڈرگارٹن کی تربیت کے ماہرین کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔