ملک میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 7 جون کو منعقد ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور ارکان آج بروز جمعہ ذوالحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کریں گے۔
ملک بھرکی طرح چاروں صوبائی دارالحکومت میں بھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوگا۔
اجلاس شام 6 بجے کے بعد شروع ہوگا، پشاور زونل کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر حافظ عبدالغفور کی زیر صدارت منعقد ہو گا، اجلاس میں 5 ممبران بھی شریک ہوں گے
کمیٹی ممبران میں مولانا عبدالبصیر،مولانا محمد علی شاہ مولانا عتیق اللہ اور مولانا عابد شاکری شامل ہیں، موصول ہونے والی شہادتوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات اور ماہر فلکیات نے آج چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کیا ہے، حتمی اعلان مرکزی رویت کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے۔آج بروز جمعہ 7 جون ذوالحج کی پہلی تاریخ ہے،15 جون بروز ہفتہ 9 ذوالحج کو حج کا رکن اعظم یوم عرفہ ادا کیا جائے گا،عید الاضحی اتوار 16 جون کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب عمان میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ عمان میں عیدالاضحی 17جون بروز پیر کو ہوگی، پاکستان میں اگر آج چاند نظر آ جاتا ہے تو پاکستان میں عیدالاضحی 17 جون بروز پیر کو ہو گی۔