مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کردیں۔
پروازوں کی عارضی طور پر معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے ریاض اور ابہا کے ائیرپورٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔حکام کے مطابق ان حملوں میں 3 سعودی شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تصدیق شدہ ویڈیو میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
حوثی گروپ نے ریاض کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے توانائی کی تنصیبات پر مزید حملوں کی دھمکی دی اور کارکنوں کو بجلی گھروں اور دیگر تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا گیا جبکہ خمیس مشیط کی جانب داغا گیا ایک اور میزائل بھی روکا گیا۔ خمیس مشیط میں ایک اہم فضائی اڈہ موجود ہے۔
