پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات سے 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 22 مکانات کو نقصان پہنچا، واشک میں سیلابی صورتحال کے باعث 5 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ڈ ی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، واشک میں فلیش فلڈنگ کے باعث مکانات اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا۔
لورالائی میں طوفانی ہواؤں کے باعث متعدد سولر پینلز جبکہ سوراب میں بارش اور طوفانی ہواؤں سے گھروں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔
موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوا،رپورٹ کے مطابق متاثرہ اضلاع میں مزید نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا عمل جاری ہے۔