پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی ویٹرنز کرکٹ ٹیم اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہیں کر سکے گی۔
اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027، 23 جنوری سے 7 فروری تک بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ گزشتہ ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم اب حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث دفاعی چیمپئن ٹیم آئندہ ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے گی۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹیم کی شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے باضابطہ اجازت طلب کی تھی۔

