اوپن اے آئی نے اپنا جدید ترین فلیگ شپ مصنوعی ذہانت کا ماڈل GPT-6 Astra لانچ کردیا۔
اوپن اے آئی کے مطابق GPT-6 Astra میں کمپیوٹر استعمال کرنے، ویب براؤزنگ، کوڈنگ، تحقیق، سائنس اور پیشہ ورانہ کاموں کے حوالے سے نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ GPT-6 Astra کی تیاری کے لیے اوپن اے آئی کی ٹیکساس میں قائم Stargate تنصیب پر ایک لاکھ سے زائد GPUs استعمال کیے گئے، جو کمپنی کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی تربیتی کارروائی ہے۔
GPT-6 Astra کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف سوال کا جواب دے کر رکنے کے بجائے پیچیدہ درخواست کو متعدد مراحل میں تقسیم کرکے ان مراحل کو کمپیوٹر کے ماحول میں انجام دے سکتا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ ماڈل آن لائن فارمز پُر کرنے، کسٹمر ریکارڈز اپ ڈیٹ کرنے، کیلنڈرز منظم کرنے اور ویب پر تحقیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ GPT-6 Astra دستاویزات اور اسپریڈ شیٹس کے ٹولز میں کام کرسکتا ہے، ویب سائٹس بنا سکتا ہے، ڈیٹا کا تجزیہ کرسکتا ہے اور سافٹ ویئر کی جانچ بھی کرسکتا ہے۔
