وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور شروع ہو گیا ، تلاوت کلام پاک کے بعد کمیٹی ارکان نے ملک و قوم کی بہتری اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کی ۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ان کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ہو رہا ہے ۔
حکومتی کمیٹی کے اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فاروق ستار جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس موجود ہیں۔
مذاکرات کے موقع پر ایاز صادق نے کہا کہ میرا کام مذاکرات میں سہولت کاری کرنا ہے ،اسٹیبلشمنٹ سے نہیں ،وزیر اعظم اور اپوزیشن سے رابطے میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے، حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا جمہوریت کو مضبوط بنائے گا، مذکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ہم نے عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، ملکی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔