وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، بجلی کی قیمتوں میں جلد کمی ہو گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا جو بہت بڑا اضافہ ہے، قرضوں کی ادائیگی سے صورتِحال بہتر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے متعلق بھی اعلان جلد کیا جائیگا، سرکاری اداروں کی نجکاری میں تیزی لائیں گے، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ قومی سلامتی اور معاشی استحکام ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کررہی ہے، حکومتی اخراجات میں کمی رائٹ سائزنگ کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زرعی آمدنی کو ٹیکس نیٹ کاحصہ بنایا ہے، تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، امریکا سے ہماری مثبت اورکامیاب ٹیرف ڈیل ہوئی ہے۔
