فٹبال ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے الجزائر کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
الجزائر کے ساتھ میچ میں ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا جادو چل گیا ، انہوں نے الجزائر کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کی۔
لیونل میسی نے کھیل کے 17 ویں، 60 اور 76 ویں منٹ میں گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی اور اس طرح وہ میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب ہوئے ، وہ 38 سال، 357 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دینے والے ورلڈ کپ کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے۔
اس کے علاوہ فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ آئی کے اپنے پہلے میچ میں فرانس نے سینیگال کو 1-3 سے شکست دی۔ اسٹار کھلاڑی ایم باپے نے 2 گول اسکور کیے۔
نیو جرسی میں فرانس اور سینیگال کے درمیان کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف دلچسپ رہا، ابتدا میں فرانسیسی ٹیم کو گول کرنے کے مواقع ملے مگر اُن کے اسٹار کھلاڑی اس موقع کا فائدہ نہ اُٹھا سکے۔
سینیگال کی ٹیم نے اچھے دفاع کے ساتھ بہترین اٹیک بھی کیے لیکن وہ گول نہیں کر سکے۔ وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ تاہم دوسرے ہاف کے 66 ویں منٹ میں ایم باپے نے ایک موو پر ٹیم کیلئے پہلا گول کر دیا۔
