طوفانی بارش سے لاہور ڈوب گیا،محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں طوفانی بارشوں کے بعد سڑکیں گلیاں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ لیسکو کے 177 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیڈرز کی ٹرپنگ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش سے لاہور کے 120 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی جب کہ قصور سرکل کے 15 فیڈرز سے بجلی سپلائی بند ہو گئی۔ اسی طرح ننکانہ سرکل کے10 فیڈرز سے بجلی معطل ہوئے اور شیخوپورہ سرکل کے 26فیڈرز بھی بارش کے باعث بند ہو گئے۔ اوکاڑہ سرکل کے 6 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی، این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔
آج پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح تیز ہوا کیساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔
اٹک، ٹیکسلا، چونیاں، منچن آباد، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، قصور،رینالہ خورداور پاکپتن میں جل تھل ایک ہوگیا، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر کراچی میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جبکہ کلفٹن، ڈی ایچ اے اور کورنگی میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر بارش 50-100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی وجہ سے ملک کے شہری علاقوں گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔