اٹلی کے شہر پیسا کے طلبا نے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی جہاز بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس غیر معمولی جہاز کو “آئیکارَس” کا نام دیا گیا ہے جو 7 میٹر لمبا ہے جبکہ اس کے پروں کا پھیلاؤ 20.04 میٹر ہے۔ جہاز کا وزن تقریباً 28.49 کلوگرام ہے اور یہ 59 میٹر تک پرواز کرنے میں کامیاب رہا، یوں اس نے 2013 سے قائم ریکارڈ توڑ دیا۔
اس منصوبے کی باضابطہ تصدیق 25 جون کو اٹلی میں ہونے والے ایونٹ “وی میک فیوچر” کے دوران کی گئی۔ اس پراجیکٹ میں معروف سائنس کمیونیکیٹر جاکیدالے (جیکوپو ڈی الیسیو) نے بھی تعاون کیا۔
طلبا نے اس جہاز کو عام کاغذی جہاز کے بجائے ایک حقیقی ہوائی جہاز کی طرز پر تیار کیا۔ اس میں پروں کی مضبوطی کے لیے اسپرز اور ربز، اگلا اور پچھلا کنارہ اور توازن برقرار رکھنے کے لیے دم (ٹیل) بھی شامل کی گئی۔
جہاز کی تیاری میں لیمنیٹڈ کاغذ، مخصوص جیومیٹری اور شہد کے چھتے جیسی ساخت استعمال کی گئی تاکہ وزن بڑھائے بغیر دھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 300 کلوگرام کاغذ اور 60 کلوگرام گوند استعمال کی گئی۔
