ملک بھر میں دسمبر کے مہینے میں بارشیں ہونے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے، رواں ماہ میں بارشوں کے تین اسپیل ہوں گے۔
نجی ٹی وی بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کا کہنا تھا کہ ملک میں دسمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کے تین اسپیل ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان میں اگلے تین سے چار روز میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں بارش ہو گی۔
اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کا راج ہے، دوسری جانب نومبر کے مہینے کو بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے گرم ترین مہینہ بھی قرار دیا گیا ہے۔
بارشیں نہ ہونے کی وجہ اسموگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح میں بھی بارشوں کی نوید سنائی گئی ہے، ان بارشوں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
دسمبر کے وسط میں بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہو گا، دسمبر کے آخر میں بارش ہونے کی توقع ہے، دوسری جانب آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔