نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے آرٹیفشل ایٹنلیجنس (اے آئی) سے اپنی سابقہ ‘گرل فرینڈ’ کو قتل کرنے کا طریقہ پوچھنے والا ملزم گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے اپنی سابقہ خاتون دوست کو قتل کرنے کا طریقہ جاننے کے لیے اے آئی پلیٹ فارمز کا استعمال کیا، کلاڈ اے آئی اور ڈیجیٹل مواصلاتی پلیٹ فارمز کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تاہم تحقیقاتی ادارے نے یہ اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ملزم اپنی سابقہ دوست کو قتل کیوں کرنا چاہتا تھا۔
این سی سی آئی اے نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذرائع اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے، ایسے پلیٹ فارمز کو دھمکیوں، خوفزدہ کرنے یا مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
این سی سی آئی اے نے کا کہنا ہے کہ سائبر ٹیکنالوجی کے ذریعے سامنے آنے والے نئے خطرات سے نمٹنے، شہریوں کے تحفظ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کا احتساب یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
