وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان میں مقیم پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کے مستقبل کے حوالے سے اہم پالیسی فیصلوں کیلئے آج اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں 13 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی قانونی حیثیت،پاکستان میں قیام یا واپسی کے متعلق حتمی حکمت عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔
وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نادرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے حکام، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور حساس اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی او آر کارڈ ہولڈرز افغان باشندوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے گا، افغان مہاجرین کو یہ کارڈ پاکستان میں قانونی طور پر بغیر ویزہ قیام کی اجازت دیتا ہے اور ایک طویل مدت سے یہ افغان باشندے مختلف علاقوں میں قیام پذیر ہیں۔
