امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک خاتون نے شوہر کی تحقیق کی بدولت لاٹری کے اسکریچ آف ٹکٹ سے 5 لاکھ ڈالر کا بڑا انعام جیت لیا، جس کے بعد ان کے گھر میں خوشیوں کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست میری لینڈ کے شہر ڈنڈاک سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کئی برسوں سے شوقیہ لاٹری خریدتے آ رہے ہیں اور اسے اپنی مشترکہ تفریح کا حصہ قرار دیتے ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ اس سے قبل ان دونوں نے زیادہ سے زیادہ 500 ڈالر جیتے تھے، جس پر وہ بے حد خوش ہوئے تھے، تاہم اس بار قسمت نے ان پر کہیں زیادہ مہربانی کی۔
خاتون کے مطابق جون کے آخر میں وہ خریداری کے لیے گھر سے نکل رہی تھیں کہ ان کے شوہر نے انہیں خاص طور پر “Gifts of Green” نامی اسکریچ آف ٹکٹ خریدنے کی ہدایت کی۔
شوہر نے بتایا کہ وہ میری لینڈ لاٹری کی ویب سائٹ پر مختلف اسکریچ آف گیمز میں باقی رہ جانے والے بڑے انعامات کا جائزہ لے رہے تھے اور انہیں معلوم ہوا کہ اس گیم میں اب بھی کئی بڑے انعامات دستیاب ہیں، اسی لیے انہوں نے یہی ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا۔
