امریکا میں بچوں کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے جرم میں سابق جمناسٹک کوچ سین گارڈنر کو 90 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ ملزم نے جم میں کوچنگ کے دوران کم عمر بچوں کے کپڑے تبدیل کرنے اور واش روم استعمال کرنے کی خفیہ ویڈیوز بنائی تھیں۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 39 سالہ سین گارڈنر کا تعلق ریاست آئیووا کے شہر ویسٹ ڈیس موئنز سے ہے، وہ ماضی میں ریاست مسیسیپی کے علاقے پوروس میں جمناسٹک کوچ کے طور پر کام کرتا تھا، جہاں اس نے بچوں تک اپنی رسائی کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔
امریکی حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب امریکی ادارے سینٹر فار سیف اسپورٹ کو شکایات موصول ہوئیں کہ گارڈنر کم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کر رہا ہے۔ ادارے نے شکایات قانون نافذ کرنے والے حکام کو بھجوا دیں، جس کے بعد ایف بی آئی اور مقامی پولیس نے مشترکہ تحقیقات شروع کیں۔
