خیبرپختونخوا کے مشہورسیاحتی مقام بالاکوٹ کے علاقے منور سیریاں میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق منورسیریاں میں 2 گھروں پر آسمانی بجلی گرگئی، جس کے نتیجے میں دونوں گھر تباہ ہوگئے، افسوسناک واقعے میں دو بہنیں جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
آسمانی بجلی سے جاں بحق ہونے والی دو بہنوں میں 10سالہ سدرہ بی بی اور 17سالہ سلمیٰ بی بی شامل ہیں جبکہ مہناز، حلیمہ اور منظور زخمی ہوگئے ۔
اے سی بالاکوٹ حسرت خان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا ہے،ایس پی بالاکوٹ ڈویژن صابر خان نے بتایا کہ تھانہ کاغان پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے رواں ہفتے بالاکوٹ کو شدید موسمی حالات کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ 2 روز سے اس سیاحتی مقام کے میدانی علاقے تیز بارشوں کی زد میں رہے جبکہ کاغان ویلی بیسر کے بلندو بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔
