خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے 27 بچے اور 2 خاتون ٹیچرز جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 پشاور کے ترجمان بلال فیضی نے ہم نیوز کو بتایا کہ ان کے کنٹرول روم کو 8 بج کر 48 منٹ پر اسکول کے چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ان کے مطابق امدادی کارکنوں نے وقوعہ پر پہنچ کر دیکھا کہ عمارت کی ایک چھت دوسرے پر گر چکی تھی جس کے ملبے تلے بچے دبے ہوئے تھے۔
ترجمان کے مطابق بچوں کو نکال کر اسپتال پہنچانے کے لیے ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع ہوا جس میں ریسکیو 1122 کی 16 ایمبولینسز، 2 ڈیزاسٹر وہیکلز اور 60 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق ملبے تلے دبے بچوں کونکالنے کیلئے آپریشن میں ریسکیو حکام، پولیس، پاک فوج کے اہلکاروں کے علاوہ نجی تنظیموں اور مقامی رضا کاروں نے بھی حصہ لیا جبکہ زخمی بچوں اور ٹیچرز کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال اور نصیر اللہ بابر میموریل اسپتال منتقل کیا گیا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد میں 20 بچے، 6 بچیاں، اور 2 ٹیچرز شامل ہیں۔
