ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کو شاندار فتح کے ساتھ یاد گار بنا دیا۔
ای ایس پی این کے مطابق بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی نے پہلے نکولس اوتامندی اور پھر نیکو پاز کے گول میں معاونت کی اور 71 ویں منٹ میں پنالٹی پر خود گول کرکے اسکور 0-3 کر دیا، یہ ان کا ارجنٹینا کے لیے 126 واں انٹرنیشنل گول تھا۔
میچ کے اختتام پر لیونل میسی نے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے۔ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کروں گا، اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑا رہوں گا۔
لیونل میسی اپنے انٹرنیشنل فٹبال کیریئر کے آخری میچ سے قبل اور دوران کئی بار جذباتی دکھائی دیئے، قومی ترانے کے موقع پر اسٹار فٹبالر کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
