مری میں اسکول وین حادثے میں شدید جھلس کر انتقال کر جانے والی بچی عائشہ کا بھائی ارحم بھی دم توڑ گیا۔
سڑک سے نیچے گرنے کے بعد وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں عائشہ کے جسم کا 42 فیصد حصہ جھلس گیا تھا، انہیں تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی ریفر کیا گیا تھا تاہم بدھ کے روز دوران علاج چل بسی تھی جبکہ آج اس کا بھائی زندگی کی بازی ہار گیا۔
ارحم کی نمازِ جنازہ اس کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں سماجی شخصیات، ضلعی حکام، مقامی افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ بچے کے انتقال پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔
چار دن قبل مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے بعد وین میں آگ لگنے سے 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔
