پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی خان آزاد ریاست جموں وکشمیر کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
نئے صدر کے انتخاب کے لیے آج ہونے والی ووٹنگ میں ڈاکٹر نجیب نے 32 ووٹ لیے جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حصے میں 13 ووٹ آئے۔
واضح رہے کہ نو منتخب صدر آزاد جموں و کشمیر کے اپنے حلقے میں انتخابات ہونا ابھی باقی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب نقی ایل اے 23 سدھنوتی سے (ن) لیگ کے امیدوارتھے جہاں دیگر 6 حلقوں سمیت 10 اگست کو ہونے والے انتخابات آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کر دیے تھے جو تاحال منعقد نہ کیے جا سکے۔
تاہم ان کے انتخاب کے بعد ریاست کی تینوں ڈویژنز میں آئینی عہدے برابر تقسیم ہو گئے ہیں۔ اسپیکر اسمبلی طارق فاروق کا تعلق میرپور ڈویژن سے، وزیر اعظم افتخار گیلانی کا تعلق مظفرآباد ڈویژن سے جبکہ صدر ڈاکٹر نجیب نقی پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں۔
