لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے پاکستانی باؤلر سے متعلق کیے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بھارتی صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ لاہور میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران ایک پاکستانی باؤلر نے وسیم اکرم کی جانب سے بولنگ میں تکنیکی خامی دور کرنے کی کوشش پر انہیں جواب دیا کہ وہ اپنی بولنگ خود جانتا ہے اور اسے وسیم اکرم کی رہنمائی کی ضرورت نہیں۔
صارف نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وسیم اکرم نے براہ راست ردعمل دیتے ہوئے بھارتی صارف کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا اور پاکستان میں ہر شخص بشمول قومی کرکٹ ٹیم ان کا بے حد احترام کرتا ہے۔
