غزہ میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خواتین پولیس کی سربراہ سمیت 9 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غزہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق غزہ سٹی میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے سفاکانہ اسرائیلی حملے میں خواتین پولیس کی سربراہ کرنل فاتنہ السحار سمیت 8 پولیس افسران شہید ہو گئے ، شہید ہونے والوں میں 13 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
غزہ کی وزارت داخلہ و قومی سلامتی نے ثالثوں اور عالمی برادری سے اسرائیلی فوج کی جانب سے پولیس کے خلاف حملے روکنے کے لیے فوری اقدام کی اپیل کی ہے۔
وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل اپنے جرائم کا جواز پیش کرنے کے لیے جو بھی دعوے کر رہا ہے، وہ بے بنیاد ہیں۔ اسرائیل فلسطینی معاشرے میں افراتفری پھیلانے کے لیے پولیس کے ادارے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سٹی میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ’ایک نیا جنگی جرم’ قرار دیا ہے۔ حماس نے اسرائیلی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر امن کوششوں کو سبوتاژ کر رہی ہے۔
