گوادر: مکران کوسٹل ہائی وے این-10 پر اورماڑہ کے علاقے سرپٹ، زون ون بی ٹو میں گیس باؤزر اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹویوٹا کرولا، رجسٹریشن نمبر BJN-481، تربت سے کراچی کی جانب سفر کر رہی تھی جبکہ گیس باؤزر کراچی کی سمت رواں دواں تھا۔ دونوں گاڑیوں کے درمیان اچانک شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر متاثر ہوئی اور اس میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ کار کا ڈرائیور اسلم بھی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ پولیس اہلکاروں نے جائے حادثہ کو محفوظ بنایا، ضروری امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا۔
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے اور دونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے۔
