پاکستان نے شام کے صوبے ادلب میں ابو الظہور ایئربیس پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، اور شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی افواج کے حملوں کو روکنے میں کردار ادا کرے، اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔
واضح رہے اسرائیل نے شمال مغربی شام میں واقع ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر فضائی حملے کیے جن میں رن وے اور اسٹوریج تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
شام کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے شمال مغربی شام میں حلب کے قریب واقع ابو الظہور ایئربیس کے رن وے اور اسٹوریج تنصیبات پر آٹھ فضائی حملے کیے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک فوجی ذریعے اور اڈے کے قریب رہائش پذیر ایک شہری کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
