افغانستان کے شہر فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن منصور بم دھماکے میں جاں بحق ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میئر حبیب الرحمٰن منصور کی گاڑی میں مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں ان کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا۔
صوبہ بدخشاں کے ایک افغان عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فیض آباد کے میئر دھماکے میں جاں بحق ہوئے، جبکہ ان کے ساتھی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعہ بدخشاں کے گورنر ہاؤس سے 100 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ دھماکے میں میئر کی گاڑی بھی مکمل تباہ ہو گئی۔ افغان طالبان عہدیداروں پر بدخشاں میں دو ہفتوں کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان مخالف گروپ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فیض آباد کے میئر کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے دو ہفتے قبل اسی علاقے میں بدخشاں کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ ذبیح اللہ امیری کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، اس حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔
