سکیورٹی فورسز نے آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت مزید 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی پر پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشتگردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد پنجگور میں لوٹ مار،اغوا اور دہشتگردانہ کارروائی میں ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردوں کے ناسور کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
