امریکی ریاست نیو میکسیکو کی عدالت نے میٹا پر مزید 567 ملین ڈالر (42 کروڑ 10 لاکھ پاؤنڈ) جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ کمپنی نے اپنے پلیٹ فارمز سے بچوں کو لاحق خطرات سے بروقت آگاہ نہیں کیا۔
جج برائن بیڈشائیڈ نے قرار دیا کہ سوشل میڈیا کمپنی عوامی نقصان کا باعث بنی۔ انہوں نے حکم دیا کہ یہ رقم ایک ایسے فنڈ میں جمع کرائی جائے جو مستقبل میں بچوں کو ہونے والے نقصانات کی روک تھام کے لیے استعمال ہو گی۔
یہ فیصلہ اس سے قبل اسی مقدمے میں میٹا پر عائد کیے گئے 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ( 279 ملین پاؤنڈ) کے جرمانے کے علاوہ ہے۔
اس سے قبل مارچ میں امریکا کی ایک جیوری نے میٹا کو بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے اور اِنہیں جنسی استحصال کے خطرات سے دوچار کرنے کے الزام میں 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست نیو میکسیکو میں 6 ہفتے تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد جیوری نے فیصلہ سنایا تھا۔
ریاستی حکام کا مؤقف تھا کہ کمپنی نے صارفین، خصوصاً کم عمر بچوں کی حفاظت پر منافع کو ترجیح دی اور ریاست کے غیر منصفانہ تجارتی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
