پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ کی جدید خطوط پر تربیت کو فروغ دینے کے لیے کراچی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ہائی پرفارمنس سینٹرز میں جدید ٹرومین تھری باؤلنگ مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ چاروں ہائی پرفارمنس سینٹرز میں ایک، ایک جدید باؤلنگ مشین نصب کی جائے گی، جس سے قومی اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔
عاقب جاوید نے بتایا کہ بورڈ نے اپنے زیر استعمال 16 پرانی باؤلنگ مشینیں مختلف ریجنل کرکٹ اکیڈمیز کے حوالے کر دی ہیں۔
عاقب جاوید کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پہلے سے موجود دو جدید باؤلنگ مشینوں میں کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے جدید بالنگ مشین کسی بھی باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن کو محفوظ کرکے بالکل اسی انداز میں گیند کروا سکے گی، جس سے بیٹرز کو مخصوص باؤلرز کے خلاف مؤثر پریکٹس کا موقع ملے گا۔
