امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کے اعلان کو عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے، اس لیے حکومت کو جنگ سے قبل کی عالمی مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معمولی کمی سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملے گا، مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کی اصل وجہ حکمرانوں کی عیاشیاں، ناقص معاشی پالیسیاں اور نااہلی ہے۔ حکومت اپنی مالی بدانتظامی کا بوجھ عام شہریوں پر منتقل کر رہی ہے۔
