صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین بچوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی یوم اطفال پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ قانونی ہی نہیں، اخلاقی فریضہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ اطفال دنیا بھر میں بچوں کی فلاح و بہبود کا دن ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ طفل کا پابند ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بچوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، بچوں کے استحصال کی روک تھام ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
حکومت نے بچوں کے تحفظ کیلئے مضبوط قوانین اور ادارے قائم کیے ہیں، چائلڈ پروٹیکشن یونٹس اور سروس ڈلیوری مراکز فعال ہیں، صدر نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور والدین مل کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان بچوں کی فلاح کے لیے بین الاقوامی معاہدوں کا تصدیق کنندہ ہے، بچوں کی زندگی پر اثرانداز فیصلوں میں ان کی شمولیت ضروری ہے۔
