ملک بھر میں ٹماٹر کی 400 سے لے کر 700 روپے تک فروخت جاری ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کے ستائے عوام ٹماٹر خریدنے سے بھی قاصر ہو گئے ہیں۔
محکمہ پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ سپلائی میں تعطل کے باعث ہوا۔ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی جس کے باعث عارضی قلت پیدا ہوئی۔
محکمہ پرائس کنٹرول کے ترجمان کے مطابق افغانستان اور ایران سے بھی ٹماٹر کی درآمد میں عارضی تعطل نے سپلائی پر وقتی دباؤ ڈالا ، اس کے علاوہ ٹماٹرکی قیمتوں میں اضافہ موسمی تبدیلی، بارشوں، ٹرانسپورٹ مسائل کا نتیجہ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ وقتی ہے، آئندہ ہفتے سپلائی معمول پر آتے ہی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے جبکہ سندھ کی فصل نومبر اور پنجاب کی فصل اپریل ، مئی میں آنے سے ٹماٹر وافر مقدار میں دستیاب ہو گا۔
دوسری جانب منڈی ذرائع کے مطابق لاہور کی بادامی باغ مارکیٹ میں روزانہ 30 ٹرک ٹماٹروں کے آتے ہیں لیکن پچھلے ہفتے سے صرف 15 سے 20 ٹرک آ رہے ہیں۔
