امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر مسلم اکثریتی ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ صدر ٹرمپ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے ساتھ ایک کثیرالجہتی ملاقات کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس ملاقات میں غزہ کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔ اس دوران غزہ پر امریکہ کے اتحادی اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں میں شدت آ چکی ہے۔
امریکی ویب سائٹ ‘ایکسيوس’ کے مطابق، ٹرمپ اس اجلاس میں غزہ میں قیامِ امن اور جنگ بندی کے بعد کی صورتحال سے متعلق ایک منصوبہ پیش کریں گے۔ اس منصوبے میں یرغمالیوں کی رہائی، جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی افواج کا انخلا، اور غزہ میں حماس کی شمولیت کے نئی حکمرانی پر بات کی جائے گی۔
