مصنوعی ذہانت کی دنیا کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے عدالت میں جمع کرائی گئی ایک درخواست میں انکشاف کیا ہے کہ ایلون مسک نے اس سال کمپنی کو خریدنے کی اپنی بولی کے دوران مارک زکربرگ سے بھی مالی تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اوپن اے آئی کے مطابق ارب پتی ٹیکنالوجی ماہر ایلون مسک نے دوران میٹا پلیٹ فارمز کے سربراہ مارک زکربرگ کو ان افراد میں شامل کیا جن سے انہوں نے چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی کے حصول کے لیے فنڈنگ پر بات کی تھی, مسک کی اس بولی کی مالیت تقریباً 97.4 ارب ڈالر تھی.
اوپن اے آئی کے مطابق نہ تو زکربرگ اور نہ ہی ان کی کمپنی میٹا نے اس منصوبے میں کسی قسم کی شمولیت اختیار کی اور نہ ہی نیت نامے پر دستخط کئے، کمپنی کے بورڈ نے رواں برس فروری میں باضابطہ طور پر مسک کی یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔
اوپن اے آئی نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ میٹا کو پابند کیا جائے کہ وہ ایلون مسک کے ساتھ کسی بھی ممکنہ رابطے کی تفصیلات اور دستاویزات فراہم کرے، یہ شواہد اس بات کو ثابت کرنے کے لیے لازمی ہیں کہ مسک دراصل خود بھی اوپن اے آئی کو ایک منافع بخش ڈھانچے میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔
