ملک بھر میں سونے کی قیمتیں اس وقت ریکارڈ سطح پر ہیں ، ایک تولہ سونا 3 لاکھ 84 ہزار روپے پر پہنچ چکا ہے، آنے والے دنوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی بے یقینی اور جغرافیائی تنازعات کے باعث سونے کی منڈی میں ریکارڈ تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
سرمایہ کار ایسے حالات میں زیادہ تر محفوظ اثاثوں کی تلاش کرتے ہیں اور سونا ہمیشہ سے ان کی اولین ترجیح رہا ہے۔ آسٹریلیا میں کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ اینالسٹ ٹم واٹرر کا کہنا ہے کہ ’’مالیاتی منڈیاں غیر یقینی کو پسند نہیں کرتیں، اور ایسے حالات میں سرمایہ کاروں کے لیے سونا سب سے موزوں آپشن بن جاتا ہے۔‘‘
گزشتہ دو برسوں کے دوران سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یوکرین اور غزہ کی جنگوں کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں نے عالمی ماحول کو مزید غیر یقینی بنا دیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں سونے کا رخ کیا۔
